فلسطین،لبنان اور شام کے لیے امداد کی فراہمی جاری،21ویں امدادی کھیپ روانہ

فلسطین،لبنان اور شام کے لیے امداد کی فراہمی جاری،21ویں امدادی کھیپ روانہ

وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جانب سے فلسطین، لبنان اور شام کی جنگ زدہ عوام کیلئے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ این ڈی ایم اے اور پاکستان ائیرفورس کی مشترکہ کاوش سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں کمبل، راشن اورادویات پر مشتمل17 ٹن سامان شام کے لیے روانہ کیا گیا۔ امدادی سامان بذریعہ ہوائی جہاز777 نورخان پی اے ایف بیس چکلالہ، راولپنڈی سے دمشق، شام کے لیے روانہ ہوا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر فلسطین، لبنان اور شام کے لیے روانہ کی گئی 21امدادی کھیپوں میں کل 1756 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا جس میں فلسطین کے لیے 1273ٹن،لبنان کے لیے 372ٹن جبکہ شام کے لیے 111 ٹن سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔ سامان روانگی تقریب میں ایم این اے ملک ابرار سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور پاکستان ائیر فورس کے اعلی افسران نور خان ائیر بیس،چکلالہ راولپنڈی میں موجود تھے۔ ایم این اے ملک ابرار نے فلسطین اور لبنان میں جاری جنگی صورتحال اور وہاں کی عوام کی ضروریات کے پیش نظر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو بڑھانے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ حکومت پاکستان لبنان،فلسطین اور شام کی جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر ”غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ کے قیام کا اعلان بھی کیاتھا جس کے ذریعے عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی امداد اکٹھی کی جائے گی تا کہ غزہ اور لبنان کے مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مددہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں