میری گاڑی پر سیدھی فائرنگ کی گئی ، دھرنے میںجاں بحق تاج الدین کے گھر آمد پر گفتگو ،لواحقین کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا
چا رسدہ …بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشر ی بی بی نے کہا ہے کہ میں بھاگنے والی عورت نہیں ، ڈی چوک میں مجھے بالکل اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا ۔ بانی نے کہا تھا دھرنے کی جگہ چھوڑنی نہیں ہے ۔ اسلام آباد دھرنے میں جاں بحق ہونے والے تاج الدین کے گھر آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوے بشری بی بی نے دعوی کیا کہ رات کے ساڑھے بارہ بجے ڈی چوک میں مجھے بالکل اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا میں بھاگنے والی عورت نہیں ہوں ۔ میں نے کہا بھی تھا کہ مجھے اکیلا نہیں چھوڑنا ۔ انہوں نے کہا زبردستی ڈی چوک کو خالی کرایا جا رہا تھا جب میں وہاں سے نہیں جا رہی تھی تو مجھ پر سیدھی فائرنگ کی گئی ۔ مجھے سب نے چھوڑ دیا تھا اس کے بہت سے گواہ ہیں ۔ جو لوگ ڈی چوک خالی کروا رہے تھے وہ بھی اس کے گواہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہاد توں کی وجہ سے بہت تکلیف میں تھی ، وہاں لوگ جھوٹ بول رہے تھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ لوگ جھوٹ کیوں بول رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا لوگ خان کے نام پر شہید ہوے ۔ خان کے لئے نکلنے والوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑ سکتی تھی ، خان نے بھی کہا تھا کہ دھرنے کی جگہ سے ہٹنا نہیں ہے ۔ خان نے کہا تھا کہ دھرنے میں جاں بحق ہونے والوں کے گھر جا کر تعزیت کروں ۔ بشری بی بی نے جاں بحق ہونے والے تاج الدین کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا ۔