23لاکھ فری لانسرز میں سے صرف 38ہزار کے پاس بینک اکائونٹس ہونے کا انکشاف
حکومت کا آئی ٹی پروفیشنلز کو مواقع فراہمی کیلئے ادائیگی کا اپنا نظام لانے کا فیصلہ
اسلام آ باد۔۔ملک میں کام کرنے والے 23 لاکھ فری لانسرز میں سے صرف 38 ہزار کے پاس بینک اکانٹس ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزیراعظم کی آئی ٹی برآمدات ترسیلات زر کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں انکشاف کیا گیا کہ23لاکھ 20ہزار فری لانسرز میں سے صرف 38ہزار کے پاس بینک اکانٹس ہیں ،ہر ہفتے 500فری لانسرز کے بینک اکانٹس کھولے جا رہے۔کمیٹی کو گورنر اسٹیٹ بینک نے کمیٹی کو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس میں آن لائن ادائیگیوں کے پے پال کا نظام پاکستان میں لانے پر زور دیا گیا اور آئی ٹی پروفیشنلز کو مواقع فراہم کرنے کیلئے ادائیگی کا اپنا نظام لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے بعد جاری اعلامئے کے مطابق اسٹیک ہولڈر، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، وزارت آئی ٹی اور فری لانسرز کا ورکنگ گروپ بنایا جائے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی کے شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ آئی ٹی سیکٹر برآمدات سے غیر ملکی آمدنی کے لیے باہمی تعاون اور مستقل پالیسیاں ضروری ہیں۔