یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، آئی ایس پی آر
راولپنڈی ۔۔۔سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی، فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 9 دسمبر 2024 سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔