سعودی عرب کیساتھ معاہدوں کے تحت کئی امور پر کام کا آغاز ہوچکا ، سعودی عرب کو ’’فیفا ورلڈ کپ 2034‘‘کی میزبانی ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہباز شریف
اسلام آباد..وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں سے کئی امور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔منگل کووزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ اور ان کے وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے اس سال کئی بار سعودی عرب کے دورے کا موقع ملا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تعلقات کی عکاسی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں سعودی عرب کو ’’فیفا ورلڈ کپ 2034‘‘کی میزبانی ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یقین ہے کہ سعودی عرب اس ایونٹ کا بہترین طور پر انعقاد کرے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب کیساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا انتہائی اہم ستون ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے پارلیمانی تبادلے انتہائی اہم ہیں، ہم سعودی عرب کیساتھ اپنے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات بڑھانے کے لیے سرگرم ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2.8بلین ڈالر کی مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیںجن میں کئی امور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے اور مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان معاہدوں کے ثمرات دونوں ممالک کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب میں تقریباً 2.5ملین افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہے۔سعودی وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر ولی عہد محمد بن سلمان کی تعریف کرتا ہوں جس نے غزہ، لبنان اور خطے میں امن کے لیے امت مسلمہ کے مطالبے کو تقویت دی۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان، غزہ اور لبنان کے عوام کے مصائب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف تمام کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔