راولپنڈی،اسلام آباد (جہان امروز-نیوز)سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں 14 اور 15 جنوری کی رات کو انٹیلی جنس بیسد آپریشن کیا، شدئد فائرنگ کے تبادلے میں چار خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران، سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خوارج مارے گئے، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، سیکیورٹی ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں چار خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لیے پر عزم ہیں۔