راولپنڈی (جہان امروز-نیوز)پاک فوج نے بھارت کے پاکستان پر بے بنیادالزامات کویکسر مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں،بھارت کا پراپیگنڈہ کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتااورامید ظاہر کی ہے کہ بھارتی فوجی قیادت سیاسی ضرورت کے تحت نہیں بلکہ تہذیب، پیشہ ورانہ صلاحیت، اور ریاستی تعلقات کے اصولوں پر مبنی رویہ اختیار کرے گی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل میں ترجمان افواج پاکستان نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا بھارتی آرمی چیف کا بے بنیاد اور بھونڈا الزام ہے، پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، بھارتی آرمی چیف کے بیانات سیاسی مقاصد کے تحت دیے گئے ہیں، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم اور نفرت انگیز بیانیے عالمی برادری سمیت سب پر عیاں ہیں، بھارتی فوجی افسر پاکستان میں دہشتگردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے،بھارت کا پراپیگنڈہ کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کے اقدامات انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کے منصوبے عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکے، بھارتی آرمی چیف کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو حقیقت سے بالکل برعکس ہے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ڈھانچے کا بہانہ تراشنے کے بجائے، بھارت کے حقیقت کو تسلیم کرنا زیادہ مناسب ہوگا، تلخ حقیقت کہ ایک بھارتی حاضر سروس فوجی افسر پاکستان کی حراست میں ہے،بھارتی آرمی چیف بھول گئے کہ ان کا فوجی افسر پاکستان میں شہریوں کے خلاف دہشت گردی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایسے بے بنیاد اور من گھڑت بیانات کو مسترد کرتا ہے، ترجمان افواج پاکستان نے بھارتی فوج کے مظالم کے شکار افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے بھارتی فوج کی قیادت کا رویہ تہذیب، پیشہ ورانہ صلاحیت، اور ریاستی تعلقات کے اصولوں پر مبنی ہوگا، سیاسی ضرورتوں کے مطابق نہ ہوگا۔