امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، محسن نقوی

امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، محسن نقوی

ہیوسٹن(جہان امروز-نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، امریکا میں کسی بھی اینٹی چائنہ تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین کی جانب سے زہریلا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ امریکا کے موقع پر ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی صرف پاکستان ہی نہیں سب کی مشترکہ لڑائی ہے، میرے امریکا دورے کا مقصد امریکی سیاست دانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف موثر پلان بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین زہریلا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس کو پراپیگنڈہ کر کے غلط رنگ دیا گیا، ایسے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں کسی بھی اینٹی چائنہ فنکشن میں نہیں گیا۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے مزید کہا کہ امریکا کے ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے، سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کا نقصان ہو، کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں۔

کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مختلف پہلوں پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں