کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )قلعہ عبداللہ ایف سی قلعہ گلستان پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک، متعدد اہلکار زخمی ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں واقع ایف سی قلعہ پر دہشتگردوں نے دونوں اطراف سے حملہ کیا جس کے دوران دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔
اطلاعات کے مطابق ایف سی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی اور کئی گھنٹے تک علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول رہا۔
دہشتگرد قلعے کی حدود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم سیکورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرکے حملے کو ناکام بنا دیا اور بڑے نقصان سے بچا لیا۔دہشتگردی کے واقعے کے بعد چمن سے لیویز کی اضافی نفری طلب کرلی گئی اور چمن کے ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تمام ڈاکٹرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہسپتال میں موجود رہیں، جبکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے چار ایمبولینسز گلستان روانہ کی گئی ہیں۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے