کوئٹہ،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ، رات کے اوقات میں درجہ حرارت منفی سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث خون جما دینے والی سرد ہوائیں جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات، مستونگ، پشین اور دیگر علاقوں میں بھی سردی نے شدت اختیار کرلی ہے۔ سرد ہواں اور برفباری کی پیش گوئی کی جارہی ہے، جس سے نزلہ، زکام اور پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب، کوئٹہ میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں جیسے جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، مشرق بائی پاس، سریاب کرانی روڈ اور دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی اچانک بند ہو گئی ہے، جس کے باعث لوگ کھانا پکانے اور گرم پانی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سردی کے اس موسم میں گیس کی بندش نے شہریوں کی زندگی مزید دشوار کر دی ہے۔