راولپنڈی ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دوست نما دشمن عناصر کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار بن کر دہشت گردی کو ہوا دینے والے دوغلے عناصر سے آگاہ ہیں،”شکار کے لیے شکاری کے ساتھ اور بچاؤ کے لیے شکار کے ساتھ” چلنے والے—ہمارے لیے کوئی اجنبی نہیں، دوست نما دشمن کچھ بھی کر لیں، انہیں عظیم قوم اورمسلح افواج کی استقامت کے ہاتھوں شکست ہوگی، انشاء اللہ، مادرِ وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم ہر قیمت پر جواب دیں گے۔
جہاں بھی ضرورت پڑی، دشمنوں کا پیچھا کر کے انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں سینیئر عسکری اور انٹیلیجنس حکام بھی شریک ہوئے۔
آرمی چیف، گورنر اور وزیر اعلی بلوچستان نے شہداء کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ آرمی چیف ،گورنر اور وزیراعلی بلوچستان نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمی ہونے والے سپاہیوں کی عیادت کی ۔عسکری و سیاسی قیادت نے مادر وطن کے ہر قیمت پر دفاع کے لیے سپاہیوں کے غیر متزلزل عزم اور جذبے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں ک بہادری اور عزم کو سراہا ۔
آرمی چیف کا بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور بہبود کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا ۔ آرمی چیف کی صوبائی حکومت کو امن، استحکام اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔