دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،وزیراعظم

دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،وزیراعظم

کوئٹہ . وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،دھشتگرد نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے لوگ خوشحال، نوجوان تعلیم یافتہ اور برسر روزگار ہوں،شر پسند عناصر کی بزدلانہ کاروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس کو صوبے کی امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر اہم صوبائی امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دھشتگرد نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے لوگ خوشحال، نوجوان تعلیم یافتہ اور برسر روزگار ہوں۔

شہباز شریف نے کہاکہ شر پسند عناصر کی بزدلانہ کاروائیاں حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ شہباز شریف نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ حال ہی میں چین میں زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء میں بلوچستان کے طلباء کا خصوصی کوٹہ رکھا گیا۔

شہبازشریف نے کہاکہ یوتھ پروگرام، وزیرِ اعظم لیپ ٹاپس اسکیم کے ذریعے بلوچستان کے طلباء کو با اختیار بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں زراعت کی ترقی کیلئے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کی گئی۔

شہبازشریف نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے سی پیک کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے،گوادر ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو چکا۔ شہبازشریف نے کہاکہ گوادر بندرگاہ وسطی ایشیاء و جنوب مشرقی ایشیاء اور باقی دنیا کے مابین پاکستان کو ایک اہم رابطہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

شہبازشریف نے کہاکہ عسکری قیادت، سپاہ سالار اور افواج پاکستان حکومت کے ساتھ مل کر پر امن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم بلوچستان کے امن کیلئے کوشاں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ بجلی اویس لغاری، رکن قومی اسمبلی جمال کاکڑ، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر محمد سلیم کھوسہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں