چترال امریکی شکاری نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی بولی دے کر مارخور شکار کر لیا۔
چترال..ایک امریکی شکاری نے چترال میں واقع تھوشی شاشہ کمیونٹی منیجڈ گیم ریزرو میں پاکستان کے قومی جانور کشمیر مارخور کا رواں سیزن کا پہلا شکار کر لیا ہے۔
امریکی شکاری نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی بولی لگا کر کشمیر مارخور کے شکار کا پرمٹ حاصل کیا تھا۔
ڈویژنل فارسٹ آفیسر (وائلڈ لائف) چترال فاروق نبی نے اردو نیوز کو بتایا کہ امریکی شکاری نے اس شکار کے لیے پرمٹ رواں برس اکتوبر میں کھلی بولی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم یعنی دو لاکھ 71 ہزار ڈالر (ساڑھے سات کروڑ سے زائد روپے) ادا کر کے حاصل کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شکاری نے یہ شکار اتوار کو تھوشی شاشہ مارخور کنزرونسی میں وائلڈ لائف حکام کے زیرنگرانی کیا۔
فاروق نبی نے بتایا کہ شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کا سائز 49 انچ سے زیادہ ہے۔
خیال رہے رواں برس اکتوبر میں محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے صوبے کو الاٹ کیے گئے مارخور کے شکار کے چار پرمٹس نیلام کیے تھے۔
اس نیلامی میں چترال کے تھوشی ون کنزرونسی اور تھوشی ٹو کنزرونسی کے دونوں پرمٹ ریکارڈ دو لاکھ 71 ہزار فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔
کوہستان کے علاقے کیگا کی کنزرونسی میں مارخور کے شکار کا ایک پرمٹ ایک لاکھ 81 ہزار ڈالر سے زائد میں فروخت ہوا تھا۔
گہریت گول چترال کی کمیونٹی منیجیڈ گیم ریزرو میں مارخور کے شکار کا واحد پرمٹ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی آمدنی کا 80 فیصد حصہ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں کے لیے بھی رقم دی جاتی ہے۔