پاکستان انسانی حقوق کے فروغ سے عوام کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے، آصف زرداری

پاکستان انسانی حقوق کے فروغ سے عوام کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے، آصف زرداری

اسلام آباد (انٹرنیوز) صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ، خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے قانونی، معاشی و سماجی فریم ورک کے نفاذ کیلئے پرعزم ہیں،عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے۔انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ 1948 ء کا اقوامِ متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اسلام کے بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے، آج ہم انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنے کیلئے انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر فلسطینی عوام اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہئے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج نے عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا،کشمیریوں کو ان کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خاتمے کیلئے بھی عملی اقدامات کرے۔صدر نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ، خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی فریم ورک کے نفاذ کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ہم انسانی حقوق کے فروغ سے اپنے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے، جمہوریت، امن، آزادی اور انسانی حقوق کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ مستحکم اور خوشحال ملک کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی اور انتظامی اصلاحات کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں