ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی
مولانا منیر احمد علوی کی کتاب “سیرت خاتم الانبیاء” نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرت طیبہ پر ایک اہم تصنیف ہے جس میں نہ صرف حضور اکرم ﷺ کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے بلکہ صحابہ کرام کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اس کتاب کا دیباچہ مصنف نے خود تحریر کیا ہے، جس میں سیرت نبوی ﷺ کی اہمیت اور اس کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
کتاب میں نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے، جس میں آپ کے نسب مبارک، ولادت، بچپن، جوانی، تجارت، نکاح، تبلیغ اسلام، ہجرت، جہاد، اور وفات کے واقعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آپ ﷺ کے اخلاق، عادات، معجزات، اور صحابہ کرام کے ساتھ تعلقات کا بھی ذکر موجود ہے۔ کتاب میں صحابہ کرام کی خدمات اور ان کی تعلیمات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جو نبی کریم ﷺ کی سیرت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
کتاب کا بنیادی موضوع نبی اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ ہے، جو امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے۔ مولانا علوی نے اس موضوع کو وسیع تناظر میں پیش کیا ہے، جس میں نہ صرف نبی کریم ﷺ کی زندگی کے اہم واقعات شامل ہیں بلکہ آپ کی تعلیمات اور کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
مصنف نے نبی اکرم ﷺ کی سیرت کو تاریخی تسلسل میں بیان کیا ہے۔ کتاب کے اہم موضوعات ولادت مبارک، بچپن اور جوانی کے واقعات شامل ہیں۔ اس کے علاوه مدینہ منورہ کی طرف ہجرت، غزوات اور اسلامی ریاست کا قیام، فتح مکہ، حجة الوداع اور وصال مبارک کا شکر شامل ہیں۔
ہر باب کو تفصیلی عنوانات کے تحت تقسیم کیا گیا ہے، جو قاری کو مختلف موضوعات کو الگ الگ سمجھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
کتاب میں قرآنی آیات، احادیث نبویہ، اور تاریخی حوالوں کو عمدگی سے شامل کیا گیا ہے، جو متن کو مستند بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ، نبی کریم ﷺ کے مبارک حالات و واقعات کو جذباتی اور محبت بھرے انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو قاری کے دل پر گہرا اثر چھوڑتا ہے۔
دیباچہ میں مصنف نے نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مطالعے کی اہمیت کو بیان کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ امت مسلمہ کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنانا چاہیے۔
کتاب میں نبی کریم ﷺ کی زندگی کے ہر پہلو کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ خاص طور پر صحابہ کرام کی خدمات کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے، جو کتاب کی ایک منفرد خصوصیت ہے۔
مصنف نے قرآنی آیات اور احادیث کے ساتھ ساتھ معتبر تاریخی روایات کا استعمال کیا ہے، جو کتاب کو علمی اور تحقیقی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
کتاب میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق حسنہ اور عادات مبارکہ پر زور دیا گیا ہے، جو قاری کو نہ صرف سیرت طیبہ کو سمجھنے بلکہ اپنی زندگی میں اس پر عمل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
مصنف کا انداز بیان محبت، عقیدت، اور احترام سے بھرپور ہے۔ کتاب کا ہر حصہ قاری کو نبی کریم ﷺ کی عظمت اور انسانیت کے لیے ان کے احسانات کا احساس دلاتا ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ مولانا منیر احمد علوی کی کتاب “سیرت خاتم الانبیاء” اردو زبان میں سیرت نبوی ﷺ پر ایک جامع اور مستند تصنیف ہے۔ یہ کتاب نہ صرف دینی تعلیمات کا خزانہ ہے بلکہ ایک ایسی رہنمائی بھی فراہم کرتی ہے جو مسلمانوں کو اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دیتی ہے۔ یہ تصنیف صحابہ کرام کی خدمات کو اجاگر کرنے اور نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں کو عام قارئین تک پہنچانے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔ اس کتاب کو الشریعہ آن لائن نیٹ ورک کی جانب سے میرے مقالہ بہ عنوان ” پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ بہ حیثیت خاتم النبیین” کے لیے بطور انعام دیا گیا۔ اس کتاب کو شبان ختم نبوتو نے خوبصورت گیٹ اپ کے ساتھ شائع کیا ہے۔ میں کتاب کی اشاعت پر مولانا منیر احمد علوی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
*ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق خیبرپختونخوا چترال سے ہے آپ اردو، انگریزی اور کھوار زبان میں لکھتے ہیں ان سے اس ای میل rachitrali@gmail.com اور واٹس ایپ نمبر 03365114595 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔