پاکستان نے جنوبی افریقا کو تیسرے ون ڈے میں ہرا کر وائٹ واش کردیا۔
جوہانسبرگ میں کھیلےگئے بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 309 رنز کا ہدف دیا، جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42 اوورز میں 271 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔
ہینرچ کلاسن 81 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 4،شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 2، 2،محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے مقررہ اوورز(47 اوورز) میں 9وکٹوں پر 308رنز بنائے،صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کی وہ 101رنز بنا کر نمایاں رہے،صائم ایوب کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ،انہوں نے 91 گیندوں پر سنچری مکمل کی،یاد رہے صائم ایوب نے پہلے ون ڈے میں 109 جبکہ دوسرے میچ میں 25 رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان 53اور بابر اعظم نے 52 اور سلمان آغا نے 48 رنز کی اننگز کھیلی،پاکستان کے تین بیٹر عبداللہ شفیق، کامران غلام ، شاہین آفریدی صفر پر آئوٹ ہوئے ، تینوں کھلاڑی پہلی ہی گیند پرپویلین لوٹے۔
جنوبی افریقا کے کگیسوربادا نے3 وکٹیں حاصل کیں،مارکو جینسن اوربیورن فارچیون نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے صائم ایوب میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سینچورین میں شروع ہوگا۔