لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری، ٹل پارا چنار روڈ بند، قافلے روانہ نہ ہوسکے

لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری، ٹل پارا چنار روڈ بند، قافلے روانہ نہ ہوسکے

کرم(جہان امروز)لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا کے باعث ٹل پاراچنار روڈ بند رہا۔لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر جرگہ ارکان دھرنے میں پہنچے اور حکومتی پیغام پہنچایا۔دھرنا منتظمین نے کہا کہ جرگہ اراکین نے ٹل پاراچنار روڈ کھولنے کی گزارش کی ہے۔جرگہ منتظمین نے اعلان کیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد تک دھرناجاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔دوسری جانب کرم کے متاثرہ علاقوں میں ٹل ہنگو سے پیر کو بھی قافلہ روانہ نہ ہوسکااس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ قافلہ گزرنے کی صورت میں چھپری چیک پوسٹ سے تری منگل تک کرفیو رہیگا ، شہری اورقبائلی باشندے غیرضروری سڑک پر موجود رہنے سے گریز کریں۔

دو روز قبل بگن میں ڈپٹی کمشنرپرحملے کے بعد قافلے کی روانگی ملتوی کردی گئی تھی۔اْدھر ڈرائیوروں نے کہا کہ سخت سردی میں مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور اجازت ملنے کے منتظر ہیں جبکہ قافلے میں شریک 80گاڑیوں میں سبزی، پھل اور دیگرضروری سامان موجود ہے جو خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ 4 جنوری کو لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے، کرم کیلئے تین ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا۔حکومت کو موصول ابتدائی رپورٹ کے مطابق مذاکراتی عمل کے دوران شرپسندوں نے ڈی سی اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی، بیرسٹر سیف نے کہا کرم امن معاہدہ برقرار ہے، مقامی لوگوں کے ملوث ہونے پر حتمی طور پر ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

ڈی سی کرم پر فائرنگ کرنے والے دو مبینہ شرپسند گرفتار کرلیے گئے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ایف آئی آر میں نامزد ہیں، دونوں شرپسندوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں