ملک (جہان امروز نیوز)گزشتہ سال دسمبر کے اختتام سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ گوگل جلد پاکستان میں اپنی ڈیجیٹل والٹ سروسز شروع کرنے والا ہے۔
حالیہ دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈیٹ پر گوگل کے ڈویلپر نوٹس کا ایک سکرین شاٹ لیک ہوا جس میں کچھ ممالک کے نام شامل کرکے بتایا گیا کہ گوگل والٹ ان ممالک میں جلد فعال ہو جائے گا۔
وائرل سکرین شاٹ میں پاکستان کا نام بھی دیکھا گیا، جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین توقع کر رہے ہیں کہ گوگل والٹ پاکستان میں سروس کا آغاز کرے گا۔
ریڈیٹ پر شیئر کی گئی پوسٹ کا سکرین شاٹ وائرل ہونے کے بعد پوسٹ ڈیلیٹ ہو چکی ہے۔)
واضح رہے گوگل کے ڈویلپر نوٹس ورک سپیس ڈویلپرز کو نئی اپڈیٹس اور فیچرز کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔
یہاں اہم بات یہ ہے کہ وائرل ہونے والا سکرین شاٹ اب ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے لیکن اس میں موجود ویب سائٹ لنک کو گوگل کیا جائے تو صارفین کو معلومات دکھائی دے گی۔
گوگل ڈویلپرز کے لنک سے موصول ہونے والی معلومات میں اہم بات یہ بھی شامل تھی کہ پاکستان، مصر اور وینزویلا میں صرف گوگل والٹ کا ’پاسز‘ ورژن لانچ ہوگا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا آپشن پاکستانیوں کو میسر نہیں آئے گا۔
تاہم اس حوالے سے گوگل کی جانب سے کوئی باضابہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا کہ گوگل والٹ کب پاکستان آئے گا۔
پاکستان میں ویسے تو زیادہ تر عوام کا انحصار کیش ادائیگیوں پر ہوتا ہے لیکن ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایک طرف پاکستانی صارفین کو پے پال، ایپل پے جیسی مقبول ڈیجیٹل سروسز دستیاب نہیں ہیں، وہیں پاکستان کی مقامی کمپنیاں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں لوگوں کے لیے معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
ایسے میں گوگل والٹ اگر پاکستان میں قدم جماتا ہے تو یہ مقامی ڈیجیٹل والٹ کمپنیوں کے لیے مقابلے کی فضا قائم کر سکتا ہے۔
گوگل والٹ یا گوگل پے کیا ہے؟
گوگل والٹ جسے ’گوگل پے‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک ادائیگی کا نظام ہے جس کے ذریعے صارفین موبائل فونز میں محفوظ طریقے سے اپنے بینک کارڈز، ٹکٹس، پاسز، اور آئی ڈیز کو ڈیجیٹل والٹ سے منسلک کرتے ہیں اور اس کی مدد سے رقم کی ادائیگی اور وصولی کر سکتے ہیں۔
گوگل کے ڈیجیٹل والٹ سے کیا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں؟
گوگل والٹ صارفین کو اپنے سمارٹ فونز کے ذریعے ’کنٹیکٹ لیس‘ ادائیگیاں کرنے کی اجازت دے گا، جس سے ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈز رکھنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
ادائیگی کا یہ طریقہ نہ صرف آسان ہے بلکہ زیادہ محفوظ بھی ہے، کیونکہ گوگل صارفین کے کارڈز کی تفصیلات کو خفیہ رکھتا ہے۔ گوگل کی ایپ میں ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے انکرپشن اور ڈیوائس کے سیکیورٹی فیچرز کا استعمال کیا جاتا ہے اور اگر کوئی دوسرا شخص صارف کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر بھی لے تو اسے بینک کی تفصیلات نظر نہیں آئیں گی۔
ڈیجیٹل ادائیگیوں کے آسان ہونے سے گوگل پے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو بینکنگ نظام میں شامل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
جہاں صارفین رقوم کی ادائیگیاں آسانی سے کر سکتے ہیں وہیں وہ اپنے اہم پاسز، ٹکٹیں، دستاویزات اور بورڈنگ پاسز بھی والٹ میں محفوظ کر کے بعد میں ڈییجیٹل سسٹم میں سکین کر سکتے ہیں۔
گوگل والٹ پاکستان میں کب آتا ہے اس حوالے سے خود گوگل یا پاکستانی حکومت کے کسی متعلقہ ادارے کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، مگر توقع کی جارہی ہے کہ ایسا جلد دیکھنے کو مل سکتا ہے۔