اے آرطارق
انتظامی ڈائری
کوٹ رادھا کشن کو تحصیل کا درجہ یکم جولائی 2006 میں ملا ہے ۔یہاں پر بہت سے اسسٹنٹ کمشنرز آئے اور میسر وسائل میں سے جس حد تک ممکن ہوا،اپنا بھر پور حصہ شامل کیے عوامی خدمت کی اچھی اور بہترین مثال قائم کرکے گئے۔ہر ایک نے اپنی اپنی جگہ اچھے اور بہترین کام کیے ہیں اور اپنا آپ منوایا مگر جو کام اور کارکردگی اس وقت موجودہ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد انس سعید کی ہے اپنی مثال آپ ہے۔ جب ان کی پوسٹنگ تحصیل کوٹ رادھاکشن میں ہوئی تو میں نے ان کی کارکردگی اور کام کو دیکھا،جانااور پرکھا تو محسوس کیا کہ وہ ایک اچھے منتظم ہیں اور اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور یہی وہ آفیسرہیں جو شہر کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ شہر پر برسوں سے پڑی اُوس ہٹائیں گے۔شہر اور تحصیل بھر کو وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کے وژن ”ستھر اپنجاب“ کے تحت اورڈپٹی کمشنر قصور جہانزیب حیدر خاں کی ہدایات کی روشنی میں اجلا چمکتا اور صاف شفاف بنائیں گے اور تحصیل بھر کو ناجائزتجاوزات سے پاک کریں گے اور اس پر چیف آفیسر بلدیہ ملک احتشام اور انکروچمنٹ آفیسر حاجی محمد انصاری وہمراہ ٹیم بلدیہ پوری تندہی اور جانفشانی کے ساتھ بھرپورکام جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپناچارج سنبھالتے ہی تحصیل کوٹ رادھاکشن کی ساری انتظامی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا ہے اور حتی الوسع ہر وہ مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جو انتہائی ضروری تھے۔ انہوں نے آتے ہی شہر کی تعمیر و ترقی پر بھرپور کام کیا ہے۔ اداراتی نظام کو پہلے سے بہتر بنایا ہے۔شہریوں کی سہولت کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں۔ شہراور اس کے گردو نواح میں ڈکیتی،راہزنی،لوٹ مار کی روک تھام کیلئے SHO کوٹ رادھاکشن ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ساتھ میٹنگز میں بہترین حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے جرائم پر خاصی حدتک قابو پایا ہے جسے شہری حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا ہے۔ انہوں نے قبضہ مافیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے اور متعدد سرکاری زمینوں کو ان سے واگزارکروایاہے اورقبرستان کی زمین کو بھی ان کے چنگل سے چھڑوایاہے۔ عوام الناس کے اندر پائی جانے والی ہر بے چینی کو ختم کیا ہے اورقبضہ مافیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب ان کے ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہوگا۔ یہ انتہائی دلیر اور فرض شناس آفیسر ہیں۔ان کے قبضہ مافیا اورناجائز تجاوزات کے خلاف کیے گئے گرینڈ آپریشن سنہری حروف میں لکھے جا نے کے قابل ہیں۔ انہوں نے تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو LWMCکی مدد سے بہترین بنادیا ہے۔ شہر پہلے سے اب کافی اجلا چمکتا اور صاف نظر آتا ہے اور تجاوزات سے پاک مکمل اورکشادہ بازار ان کے کئے گئے مثبت اور معیاری کاموں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ تحصیل بھر میں ایک خوبصورت احساس کا نام ہے۔ انہوں نے اپنے کاموں سے باور کروایاہے کہ یہی چراغ جلیں گے تو روشنی ہوگی۔