منگوچر میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام، 12 حملہ آور ہلاک، 18 جوان شہید ہوگئے

منگوچر میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام، 12 حملہ آور ہلاک، 18 جوان شہید ہوگئے

کوئٹہ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام، 12 حملہ آور ہلاک، 18 جوان شہید ہوگئے.

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ دشمن قوتوں کے ایما پر کی گئی اس بزدلانہ کارروائی کا مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا تھا۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا.

دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جو مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے گئے سیکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور اس واقعے کے ذمہ داروں، سہولت کاروں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں