اسلام آباد۔۔سکیورٹی فورسز کی خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر صوبہ خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 9 خوارج مارے گئے۔ 2 سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات خوارج مارے گئے، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے وطن کے دو بہادر سپوت مالاکنڈ کے 37 سالہ حوالدار محمد زاہد اور چترال کے 26 سالہ سپاہی آفتاب علی شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، ایک اور کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مڈی میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، نتیجتاً دو خوارج مارے گئے، ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلیرنس آپریشن بھی کی گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
ادھروزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جینس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی‘ مہمند اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 خارخیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورخوارج کو جہنم رسید کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کو خراج عقیدت پیش کیااور شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے‘دہشتگردی کی اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے‘وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر جوانوں و ان کے اہل خانہ پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔