لاہور ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے تمام اختیارات و وسائل پر قبضہ تو کرلیا لیکن نچلی سطح پر اختیارات اور وسائل دینے کے لیے تیار نہیں،کچرا اٹھانے کا انتظام بھی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنے قبضے میں کرلیا ہے، برسوں کے تباہ حال شہر کے عوام چاہتے تھے کہ اب کراچی کے مسائل حل ہوں اور منصوبے مکمل ہوں لیکن بد قسمتی سے اسٹبلشمنٹ کا سہارا لے کر پیپلز پارٹی نے مئیر شپ پر قبضہ کرلیا۔
انہوںنے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت لانڈھی نمبر 4 میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز و یوسی چیئر مینز اپنی مدد آپ کے تحت کراچی میں عوام کے لیے ریلیف کے کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جماعت اسلامی گراس روٹ لیول کی سطح پر موجود ہے۔ہمارے منتخب نمائندے، کارکنان اور ذمہ داران عوام کے درمیان موجود ہیں۔ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں ’’ملین مارچ‘‘ منعقد کرے گی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کا حق لے کر رہے گی،تعمیر و ترقی کے سفر اور روشن مستقبل کے لیے از سر نو تحریک شروع کریں گے.