کوئٹہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، زہری فلائی اوور ٹریفک کے لیے بند

کوئٹہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، زہری فلائی اوور ٹریفک کے لیے بند

ممکنہ حملوں کا خدشہ، سیکیورٹی فورسز کی نفری میں اضافہ، چوکیاں قائم

کوئٹہ.. بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد کوئٹہ میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ چھانی کے قریب زہری فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ چھانی کے عقب میں واقع زہری فلائی اوور اگلے احکامات تک ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ شہر میں سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ تھریٹ الرٹ کے بعد شہر کے مختلف شاہراہوں پر سنیپ چیکنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ سرکاری املاک، صوبائی اسمبلی اور کوئٹہ کینٹ کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ بلوچ آزادی پسند گروپوں کے 200 سے زائد مسلح جنگجو کوئٹہ میں موجود ہوسکتے ہیں، جو سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس خدشے کے پیش نظر شہر میں سیکورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا ہے، جبکہ سرکاری اہلکاروں کو سفری تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں