قوم دشمن عناصر کے ارادے ناکام بنائیں گے، بلوچستان کے ہر شہر میں یوم آزادی شایانِ شان منائیں گے، ضلعی انتظامیہ
سرکاری عمارتیں سبز ہلالی پرچموں سے مزین، عوام کا جوش دیدنی، ہر گلی محلہ جشن آزادی کے رنگوں میں رنگ گیا
کوئٹہ..ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی یومِ آزادی کی تیاریاں پورے جوش و خروش سے جاری ہیں۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں 14 اگست کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات، ریلیاں، ملی نغموں کے پروگرام اور سجاوٹوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ عوام کی بڑی تعداد قومی پرچم خرید کر اپنے گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لہرا رہی ہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں میں قومی دن کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں جیسے خضدار، تربت، چمن، دالبندین، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، گوادر، نوشکی، ہرنائی، قلات، لورالائی، پشین اور دیگر علاقوں میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، پارکس اور اہم عمارتوں کو قومی پرچم، رنگ برنگی برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ نے یومِ آزادی کی تقریبات کے پرامن اور خوشگوار انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لیے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کے جوانوں کو کوئٹہ سمیت تمام حساس اضلاع میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں اور بازاروں میں پولیس کی گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تقریبات میں شرکت کے دوران سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں تاکہ جشن آزادی پرامن انداز میں منایا جا سکے۔ اس موقع پر ضلعی و مقامی سطح پر تقریبات میں شرکت کے لیے معزز مہمانوں، اسکولوں کے طلبہ و طالبات، سماجی رہنماں اور قبائلی عمائدین کو مدعو کیا جا رہا ہے۔یومِ آزادی نہ صرف آزادی کی خوشی بلکہ ان قربانیوں کی یاد بھی دلاتا ہے جو ہمارے آباو اجداد نے مادرِ وطن کے حصول کے لیے دی تھیں۔ بلوچستان کے عوام اپنے جذبے اور محبت سے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ آج بھی پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔