سیدال خان کاسعودی سفارت خانے کا دورہ
دونوں ممالک کے مابین تعلقات مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی قربت، باہمی اعتماد اور اخوت پر استوار ہیں،سیدال خان ناصر
کوئٹہ+اسلام آباد..ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا مخلص اور آزمودہ دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ خواہ وہ سیلاب جیسی قدرتی آفات ہوں یا زلزلے جیسی آزمائشیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی قربت، باہمی اعتماد اور اخوت پر استوار ہیں۔
سیدال خان نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ملکی معیشت کو سہارا دیا، جبکہ لاکھوں پاکستانی سعودی عرب میں روزگار حاصل کر کے وطن عزیز کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو وطن کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے روحانی مرکز ہے، جہاں مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمت کے لیے ہر پاکستانی اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی قابلِ فخر ہے، اور دونوں ممالک نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اخوت، اعتماد اور باہمی احترام کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اقوام کے عوام کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سعودی سفیر کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید بہتری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔