سبحان احمد کے قتل میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے، متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ کا مطالبہ
کوئٹہ۔۔صوبائی دارالحکومت کے حساس علاقے ظفر کالونی، کینٹ سے چند روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا سات سالہ بچہ سبحان احمد ولد فہیم اقبال مردہ حالت میں پولیس ریکروٹمنٹ سینٹر کے قریب واقع ایک نالے سے برآمد ہوا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق بچے کی گمشدگی کے بعد والدین کئی روز سے تلاش میں مصروف تھے، اور منگل کی شام اطلاع ملنے پر پولیس نے نالے سے بچے کی لاش نکالی، جسے ضروری کارروائی کے بعد سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی ابتدائی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک پولیس اہلکار کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے اہلکار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہیں، اور سی سی ٹی وی فوٹیجز، اہل محلہ کے بیانات اور دیگر شواہد کی مدد سے اصل حقائق تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔ادھر اہل علاقہ اور متاثرہ خاندان نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس دردناک واقعے میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔