قلات پولیس کی کارروائی نقاب پوش اور غیر ضروری ماسک پہننے والے افراد گرفتار
قلات میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے اہم کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایس پی قلات شہزاد اکبر کی ہدایت پر کی جانے والی کارروائی میں قلات پولیس نے نقاب پوش اور بلا ضرورت ماسک پہننے والے متعدد مشتبہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گاڑی، موٹر سائیکل یا پیدل چلتے ہوئے ایسے افراد جو چہرہ چھپائے ہوئے پائے گئے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر ضروری طور پر چہرہ ڈھانپنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
قلات پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو دیں۔ عوامی تعاون ہی جرائم کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔