بلوچستان میں گرمی اور نمی کا راج، کچھ علاقوں میں بارش کا امکان
کوئٹہ .. بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ژوب، بارکھان، خضدار، موسی خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں پارہ 34 ڈگری تک پہنچا۔ زیارت میں موسم نسبتاً معتدل رہا، جہاں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جب کہ ژوب میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سبی بدستور بلوچستان کا گرم ترین علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جب کہ تربت میں بھی گرمی کا زور برقرار رہا اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں پارہ 44 ڈگری تک جا پہنچا، جب کہ چمن میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں قدرے بہتر موسم رہا۔ گوادر میں درجہ حرارت 32 اور جیوانی میں 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دیگر علاقوں کی نسبت معتدل رہا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔