مکہ مکرمہ میں 9 اگست کو 45واں عالمی قرآن مقابلہ، 128 ملکوں کے قراء کی شرکت متوقع

مکہ مکرمہ میں 9 اگست کو 45واں عالمی قرآن مقابلہ، 128 ملکوں کے قراء کی شرکت متوقع

مکہ مکرمہ میں 9 اگست کو 45واں عالمی قرآن مقابلہ، 128 ملکوں کے قراء کی شرکت متوقع

سعودی (جہان امروز- نیوز)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں بین الاقوامی سطح کا پینتالیسواں قرآن کریم مقابلہ 9 اگست کو مسجد الحرام میں منعقد ہوگا جس میں دنیا کے 128 ممالک سے قراء وحفاظ کی شرکت متوقع ہے۔ مقابلے کا اہتمام سعودی وزارتِ امور اسلامی، دعوت و رہنمائی کر رہی ہے۔

یہ مقابلہ حفظ، تلاوت اور تفسیرِ قرآن کے میدان میں دنیا کے نمایاں ترین دینی مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، اور اس بار شرکت کرنے والے ملکوں کی تعداد ماضی کے تمام مقابلوں سے زیادہ ہے، مقابلے کی تقریبات مسجد الحرام کے مقدس ماحول میں منعقد ہوں گی، جو نہ صرف اس کی روحانیت میں اضافہ کرے گا بلکہ عالمی سطح پر اس کے وقار کو مزید بلند کرے گا۔

وزیر امور اسلامی، دعوت ورہنمائی شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے اس موقع پر خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کی یہ سرپرستی قرآن کریم سے اس کی دیرینہ وابستگی اور عالمی سطح پر اس کی خدمت کا عملی اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی مقابلہ ہر سال ایسے باصلاحیت قراء کو اکٹھا کرتا ہے جو قرآن کے پیغام کو امن، اعتدال اور وحدت کے ساتھ دنیا تک پہنچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ ’یہ مقابلہ محض ایک دینی تقریب نہیں بلکہ سعودی عرب کی فکری قیادت، اسلام دوستی اور بین الاقوامی سطح پر قرآن کی خدمت کا مظہر ہے۔

ان کے مطابق، مملکت قرآن کے حوالے سے جس ذمے داری کا بوجھ اپنے کاندھوں پر لیے ہوئے ہے، یہ مقابلہ اسی تسلسل کا ایک مضبوط باب ہے۔

یاد رہے کہ یہ قرآنی مقابلہ پہلی بار1399 ہجری میں شروع کیا گیا تھا، اور آج اسے دینی دنیا میں ایک ممتاز مقام حاصل ہے۔ ہر سال یہ مقابلہ درجنوں ملکوں کے قرآنی نمائندوں کو مسجد الحرام میں اکٹھا کر کے قرآن کے عالمی پیغام کو زندہ کرتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، ایسے مقابلے عالم اسلام میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنانے، نئی نسل میں قرآن فہمی کا شعور اجاگر کرنے، اور امت مسلمہ کو ایک فکری وروحانی مرکز پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبریں اور بلوچستان سے متعلق اپڈیٹس کے لیے جہان امروز-نیوز کے واٹس ایپ چینل پر فالو کرنے کے لیے لنک پر کلک کریں۔
https://chat.whatsapp.com/KLUZ6reQF1U91i6vSmkjZQ

اپنا تبصرہ لکھیں