بی ایل اے اور اس کے ذیلی گروپ کے خلاف کارروائی، دہشت گردی کی معاونت روکنے کا عزم
واشنگٹن ،کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچ لبریشن آرمی(بی ایل اے)اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جاری بیان میں کہا کہ مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کے پہلے سے موجود “اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ” (SDGT) درجے میں بطور عرفیت شامل کیا گیا ہے۔
بی ایل اے کو 2019 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔ 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے قریب خودکش حملے، جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ٹرین ہائی جیکنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 31 شہری اور سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اس کا مقصد دہشت گرد سرگرمیوں کی معاونت روکنا ہے۔
یہ فیصلہ امریکی امیگریشن و نیشنلٹی ایکٹ اور ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے تحت کیا گیا، جو سرکاری جریدے میں اشاعت کے بعد نافذ العمل ہو گا۔