دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پارلیمنٹ نے لیڈ لینی ہے علماء کرام اور تمام مکاتب فکر نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(جہان امروز-نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آزادی کا دن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس سال یہ دن اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ ہم نے ایک ایسے دشمن کو شکست دی جو نہ صرف طاقت میں سات گنا بڑا تھا بلکہ تکبر اور غرور میں ڈوبا ہوا تھا ہماری بہادر افواج نے جس جواں مردی اور عزم کے ساتھ اس دشمن کے دانت کھٹے کیے وہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے اہلیانِ بلوچستان کی جانب سے افواجِ پاکستان، بالخصوص فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے قیادت، بصیرت اور اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنگ میں حاصل ہونے والی فتح مبین پوری پاکستانی قوم کے اتحاد کی علامت ہے ماضی گواہ ہے ملک پر جب جب بھی مشکل وقت آیا بلوچستان کے لوگ ڈٹ کر کھڑے رہے اور ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے اور آئندہ بھی ہر وقت وطن عزیز کے ساتھ کھڑے رہیں گے
انہوں نے کہا کہ گوادر سے ڑوب اور پورے بلوچستان کے عوام نے جشنِ آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا اور یہ اسی زندہ قوم کی پہچان ہے جو اپنے قومی تہوار کو ولولے کے ساتھ مناتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، خواہ بلوچ ہوں، پشتون، ہزارہ یا دیگر اقوام، اپنی روایات اور اقدار کے امین ہیں لیکن ایک مٹھی بھر دہشت گرد گروہ نہ صرف ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ بلوچ روایات کی بھی پامالی کر رہا ہے معصوم عورتوں، بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا ہمارے معاشرتی اور قبائلی اصولوں کے سراسر خلاف ہے وزیر اعلیٰ نے اس طرزِ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو بلوچستان کے عوام نے پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی ان کے خلاف متحد رہیں گے انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد معصوم شہریوں، مزدوروں کو قتل کرتے ہیں ایک عورت کے سامنے اس کے شوہر اور جوان بیٹے کو چھلنی کیا جاتا ہے اور پھر تاثر دیا جاتا ہے کہ خواتین اور بچوں کو چھوڑ دیا گیا یہ کیسا چھوڑنا ہوا اور خاتون کی کیسی تکریم ہوئی جس میں اس کے سامنے اس کے سہاگ اور جوان بیٹے کو بے دردی سے قتل کردیا جاتا ہے
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی آنکھوں سے آنکھ ملا کر ان کی مذمت کرنا ضروری ہے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پارلیمنٹ کو لیڈ لینی ہے اور پارلیمنٹ پارلیمنٹ کے ساتھ علمائے کرام اور تمام مکاتب فکر کو قیادت کا کردار ادا کرنا ہوگا وزیر اعلیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ قریب ہے اور ہماری بہادر فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے امن کا سورج جلد طلوع ہوگا ہم نیماضی میں بھی ایسے حالات دیکھے ہیں اور امن کی جانب بھی لوٹتے دیکھا اب بھی ہمیں پختہ یقین ہے کہ عوام ، سیکورٹی فورسز مل کر دہشت گردی کے ناسور پر قابو پانے میں جلد کامیاب یوجائیں گے اور بلوچستان ماضی کے مثالی امن کی طرف لوٹے گا تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، ان کی ٹیم اور منتظمین کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی انہوں نے تقریب میں پرفارم کرنے والے اسکول کے بچوں کے لیے پانچ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی اور انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ وہ تقریب میں شریک بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور بچوں نے ان کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔