پانچ ہزار پودے لگائے جائیں گے شہری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ڈپٹی کمشنر جار اللہ کاکڑ
بولان(جہان امروز-نیوز)کچھی میں جشنِ یومِ آزادی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر جار اللہ کاکڑ، ایس ایس پی رانا محمد دلاور اور اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر قاضی پرویز احمد نے مون سون 2025 کی شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ ڈی سی آفس ڈھاڈر کے سبزہ زار میں ٹرنملیا کا پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا گیا اور اس کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔
ڈی سی جار اللہ کاکڑ اور ڈی ایف او غلام سرور پرکانی نے بتایا کہ ضلع بھر میں پانچ ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ دس ہزار پودے ضلع اور مضافاتی علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ درخت لگانا قومی فریضہ اور سماجی ذمہ داری ہے، شہری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ شجر کاری موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بنے گی، جبکہ درخت کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کر کے آکسیجن خارج کرتے ہیں اور زمینی کٹا کو روکتے ہیں۔
عوام، علمائے کرام، اساتذہ اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی گئی کہ مہم کو قومی ذمہ داری سمجھ کر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، لہذا پاکستان میں بھی کثیر تعداد میں پودے لگا کر موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔