تہران (جہان امروز- نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ سیستان و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کیے گئے آپریشنز کے دوران 13 عسکریت پسند مارے گئے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب کے قدس بیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فورسز نے وزارتِ انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر آج صبح سویرے ایران شہر، خاش اور سراوان میں تین الگ الگ کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق مختلف مسلح گروپوں سے تھا جو حالیہ عرصے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بدامنی میں ملوث تھے۔ تاہم ایرانی حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ یہ عسکریت پسند کس تنظیم سے وابستہ تھے۔
خیال رہے کہ سیستان و بلوچستان ایران کا ایک حساس صوبہ ہے جہاں طویل عرصے سے عسکریت پسندی اور شدت پسندی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ ایران ماضی میں بھی متعدد بار دعویٰ کر چکا ہے کہ اس کی فورسز نے دہشت گرد گروہوں کے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا ہے۔