پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام انجینئرز ایکسیلنس ایوارڈز 2023 کی تقریب کا انعقاد

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام انجینئرز ایکسیلنس ایوارڈز 2023 کی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد:(جہان امروز-نیوز) پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے زیر اہتمام انجینئرز ایکسیلنس ایوارڈز 2023 کی تقریب اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس میں آٹھ مختلف شعبوں میں 30 نمایاں انجینئرز کو ملک و قوم کی خدمت اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اعزازات سے نوازا گیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے انجینئرز کو ایوارڈز عطا کیے۔ تقریب میں غیر ملکی مندوبین، پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سرکاری حکام، ممتاز انجینئرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے پی ای سی ایکسیلنس ایوارڈز کے شاندار انعقاد پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہمارے ممتاز انجینئرز کی شاندار کارکردگی اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے جو وہ مختلف شعبوں میں قومی ترقی و خوشحالی کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ یہ ایوارڈز صرف ذاتی کامیابی کی علامت نہیں بلکہ قومی سطح پر ہمارے انجینئرز کی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا جشن ہیں۔ پی ای سی اپنے اقدامات کے ذریعے نوجوان نسل کے لیے ایک اعلیٰ مثال قائم کر رہا ہے تاکہ وہ بھی انہی نقش قدم پر چل کر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

وفاقی وزیر خالد مگسی نے پی ای سی کے ترقیاتی اور جدید اقدامات کو سراہا جن میں سمارٹ پی ای سی ڈرائیو، بلوچستان کے لیے خصوصی پروگرامز، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پی ای سی ڈیسک کا قیام، گریجویٹ انجینئرز ٹریننگ پروگرام (GET)، مصنوعی ذہانت (Generative AI) کے کورسز اور ینگ انجینئرز نیشنل فورم شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر بھی پی ای سی کی کامیابیوں کو سراہا، بالخصوص واشنگٹن ایکارڈ کی رکنیت کی 6 سالہ توسیع اور چین کے ساتھ انجینئرز کے تبادلے کے معاہدے کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے ایوارڈ یافتہ انجینئرز کو مبارکباد دی اور پی ای سی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے باعثِ اعزاز ہے کہ میں اس معزز اجتماع کا حصہ ہوں جہاں ہمارے انجینئرز کو ان کی قومی خدمت، جدت اور لگن پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ پی ای سی نہ صرف انجینئرنگ کے پیشے کو منظم کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہا ہے۔ پی ای سی حکومت پاکستان کا تھنک ٹینک ہونے کے ساتھ ساتھ پالیسی سازی میں تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ پی ای سی کے حالیہ اقدامات جیسے سمارٹ پی ای سی ڈیجیٹل ڈرائیو، گریجویٹ انجینئرز ٹریننگ پروگرام، مصنوعی ذہانت کی تربیت، یونیورسٹیوں میں پاتھ وے ٹو پریکٹس ڈیسک، اور انجینئرنگ ایجوکیشن میں اصلاحات ملک کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی طرف اہم قدم ہیں۔

تقریب میں جن انجینئرز کو ملک و قوم کیلئے گراں خدمات پر پی ای سی ایکسلینس ایوارڈز سے نوازا گیا، ان میں انجینئر محمد مظہر الاسلام، انجینئر ڈاکٹر تبسم ظہور، انجینئر محمد عبدالقادر جہانگیر درانی، انجینئر ڈاکٹر طاہر مسعود، انجینئر امجد سعید، انجینئر ڈاکٹر مسرور احمد، انجینئر اعجاز حسین، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عثمان حسن، انجینئر سید نہال اصغر، انجینئر ڈاکٹر اعجاز بشیر جنجوعہ، انجینئر افتخار احمد، انجینئر حافظ امتیاز احمد، انجینئر ڈاکٹر سلمان رضا نقوی، انجینئر ڈاکٹر محمد ذاکر شیخ، انجینئر ڈاکٹر ناصر محمود خان، انجینئر محمد رضا چوہان، انجینئر سید نفاست رضا، انجینئر فخرالنسا، انجینئر مشتاق حسین داؤد، انجینئر فہیم اقبال صدیقی، انجینئر احسن اظہر صدیقی، انجینئر راشد عزیز، انجینئر راشد احمد، انجینئر برکت اللہ کاکڑ، اور انجینئر محمد عمران خان چیمہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں