نصیرآباد(خ ن )کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا ہے کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے اہم روڈز پر صفائی ستھرائی اور شجر کاری کے حوالے سے عملی طور پر اقدامات کیے جائیں میونسپل کمیٹی، زراعت اور محکمہ جنگلات اس حوالے سے افرادی قوت سے شہر کی خوبصورتی کے لیے کام لیں۔
ڈپٹی کمشنر آفس تا کمشنر آفس، سول ہسپتال روڈ پر صفائی ستھرائی اور شجرکاری سمیت پھول پودے لگانے کا عمل جاری رکھا جائے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی تمام امور کی خود نگرانی کریں گے۔اسی تسلسل کو جاری رکھ کر شہر کے تمام روڈز کی خوبصورتی کے لیے عملی طور پر اقدامات کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی، زراعت اور محکمہ جنگلات کے آفیسران کو احکامات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیم خان ڈومکی، زراعت آفیسر مقبول احمد ساسولی اور محکمہ جنگلات سے محمد آصف کاکڑ موجود تھے۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شہر کے مختلف روڈز پر بالترتیب اسی قسم کے اقدامات کیے جائیں۔
اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات اور محکمہ زراعت اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ شہر ہم سب کا ہے، اسے زیادہ سے زیادہ خوبصورت بنانا ہماری اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔
محکمہ جنگلات اور محکمہ زراعت دفاترز کے سامنے کیاریاں بنا کر ان میں مختلف قسم کے پھول اور درخت لگائیں اور ان کی آبیاری کرنا بھی انہی کی ذمہ داری ہے، جبکہ تمام روڈز کی صفائی ستھرائی کے لیے میونسپل کمیٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔ ڈی سی آفس تا کمشنر آفس روڈ کو ایک ماڈل کے طور پر خوبصورت بنایا جا رہا ہے، اسی طرز پر دیگر روڈز پر کام جاری رکھا جائے گا۔ کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ شہروں کی خوبصورتی کے لیے ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اسی ترتیب کے ساتھ اپنے ڈسٹرکٹ ہیڈز کے روڈز کی صفائی ستھرائی اور پودے لگانے کا عمل جاری رکھیں۔