نادرا نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا 1

نادرا نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا

کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں قومی شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کا وسیع پیمانے پر عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ اقدام غیر ملکی شہریوں، بالخصوص افغان پناہ گزینوں کی شناخت اور انخلا کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے، جو اس وقت سیکیورٹی اور انتظامی نقطہ نظر سے اہم مسئلہ بن چکے ہیں۔

نادرا ترجمان نے بتایا کہ صوبے بھر میں جاری چیکنگ کے دوران تمام شہری اپنے قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں تاکہ کسی قسم کی قانونی پریشانی یا عارضی حراست سے بچا جا سکے۔

جن افراد کے پاس شناختی دستاویزات نہیں ہوں گی، انہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے عارضی طور پر حراست میں لے سکتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ اقدام عوامی مفاد اور قومی سلامتی کے لیے اٹھایا گیا ہے، اس لیے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اس عمل میں مکمل تعاون کریں تاکہ نادرا اور سیکیورٹی ادارے اپنا کام مثر انداز میں انجام دے سکیں۔

حکام کے مطابق یہ جانچ پڑتال مختلف اضلاع میں مرحلہ وار جاری ہے، جس میں نادرا کی ٹیمیں مقامی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں۔

عوامی، سماجی اور قبائلی حلقوں نے اس عمل کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ نادرا کا یہ اقدام جعلی شناختی کارڈز کے خاتمے اور غیر قانونی رہائش پذیر افراد کی نشاندہی کے لیے انتہائی مثر ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں