ہرنائی(جہان امروز-نیوز )حکام بالا کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر محمد عارف خان کاکڑ کے حکم پر ہرنائی میں پولیس اور لیویز فورس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے آٹھ افغان مہاجرین کو ضلع بدر کر دیا۔
کارروائی پرگو اے ایریا میں کی گئی، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین نے کی۔
اس موقع پر پولیس اور لیویز کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع بدر کیے گئے افغان مہاجرین مبینہ طور پر علاقے میں چوری اور منشیات کے استعمال میں ملوث تھے۔
فورسز نے ان کے ٹھکانے اور کمین گاہیں بھی مکمل طور پر مسمار کر دیں، جو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین نے کہا کہ ہرنائی میں غیر قانونی طور پر مقیم اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر حد تک اقدامات کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ معاشرتی جرائم کی بیخ کنی ہو سکے۔