کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )بلوچستان کے 26 اضلاع میں آج(پیر)سے 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس موقع پر صوبے بھر میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر کے مطابق صوبے میں انسدادِ پولیو مہم 7 روز تک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ برساتی نالوں میں بھی وائرس کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے سلسلے میں کوئٹہ میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب کے دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جہاں رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک نے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔پولیو ایمرجنسی سینٹر کے حکام کے مطابق مہم کے دوران ان اضلاع میں خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں والدین کی جانب سے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کیا گیا تھا۔
صوبے میں اب تک 3 ہزار رفیوزل کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن پر جلد قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق عوامی تعاون کے بغیر پولیو کے مکمل خاتمے کا خواب ممکن نہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آئندہ نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔