سول نافرمانی: عمران خان سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوں گی، علی امین گنڈا پور

سول نافرمانی: عمران خان سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوں گی، علی امین گنڈا پور

پشاور..وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کہنے والے اپنی اوقات میں رہے، سول نافرمانی کی تحریک اپنی فائنل نہیں ہوئی، عمران خان سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوگی، جب چیزیں فائنل ہوگی سول نافرمانی کے بارے میں بتا دیں گے۔پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کیا جائے لیکن منتقل کرنے کی بجائے ہم چاہتے ہیں کہ رہائی ممکن ہو، جو پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی باتیں کر رہے ہیں وہ اپنی اوقات میں رہیں، جب چادر سے پاؤں باہر کرو گے، تو نہ تم رہو گے نہ چادر۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک اپنی فائنل نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد چیزیں فائنل ہوگی، جب چیزیں فائنل ہوگی سول نافرمانی کے بارے میں بتا دیں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ڈی چوک میں بشریٰ بی بی اکیلے چھوڑ جانے پر بشری بی بی خود جواب دے سکتی ہیں۔قبل ازیں انسداد بدعنوانی کے دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختوںوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم کرپشن کی مذمت کرتے ہیں مگر اس کرپشن کا حصہ ہیں، اتنے برس گزر جانے کے باوجود معاشرے سے کرپشن ختم کیوں نہیں ہورہی؟ ہم نے خود کو ٹھیک نہیں کیا ہم نے اپنا احتساب نہیں کیا، جس دن ہم نے کرپشن سے خود کو روکا اس دن کرپشن ختم ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے ہم نے گراس روٹ پر کام کرنا ہے، کرپشن ہم اپنے لیے یا بچوں کے لئے کرتے ہیں، جب تک کرپٹ لوگوں کو سزائیں نہیں ملتی کرپشن ختم نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں کسی کی نیت یا سوچ پر شک نہیں کر سکتا، کسی کے خلاف غلط بات کرنے سے اسلام نے منع کیا ہے، یہاں پر سب بات کررہے ہیں مگر گراؤنڈ پر کچھ نہیں، ہمیں اپنے آپ سے احتساب شروع کرنا ہے، ہم اس پر عمل نہیں کر سکے اس کی وجہ ہمارا ماحول ہے۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم کرپشن پیسے کے لیے کرتے ہیں مگر پیسے سے سکون اور برکت نہیں خریدی جاسکتی، میں الیکشن جیتا تو والدہ کو کینسر کے مرض کا حق ہو گیا تھا، میں وزیراعلی بننے جارہا تھا تو میری والدہ فوت ہوئی، میں اپنی والدہ کے لئے ساری جائیداد فروخت کرنے کے لئے تیار تھا مگر کینسر آخری اسٹیج پر تھا اور میں کچھ نہ کر سکا یعنی پیسہ کام نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں خود ٹھیک نہیں ہوں گا کچھ ٹھیک نہیں ہوگا، جنتی بننا ہے تو ایمان مضبوط کرنا ہوگا، جو چیز ہمارے نصیب میں ہے وہ کوئی چھین نہیں سکتا اور جو چیز میرے نصیب میں نہیں وہ کوئی نہیں دے سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ نماز پڑھتے ہیں اور ملاوٹ کررہے ہیں مطمئن ہیں کہ جنت میں جائیں گے، جنت میں ایسے لوگ نہیں عظیم لوگ ہوں گے، کہتے ہیں نوکریاں بکتی ہیں، خریدتا کون ہے؟ آپ، آپ خریدنا چھوڑدیں بکنا بند ہوجائیں گی، لوگ بورڈ میں پیسے کھلاکر بچوں کے نمبرز بڑھا رہے ہیں اپنی ایک نسل کو برائی کی راغب ڈال رہے ہیں، ان برائیوں کا الزام آپ بھارت،اسرائیل یا امریکا پرنہیں لگاسکتے، رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آپ نے کیا غلط کام کیا ہے جو رشوت دینی پڑی؟ نوکری کے لیے پیسہ دے رہے ہیں تو کسی کا حق کھانے کے لیے پیسہ دے رہے ہیں، کرپشن کے پیسوں سے پلنے والی ماں وہ ماں نہیں ہوتی جس کے قدموں تلے جنت ہوتی ہے۔علی امین گنڈا پورنے کہا کہ ہم پٹواری کو پیسے اچھے کام کے لیے نہیں دے رہے بلکہ غلط کام کے لئے دے رہے ہیں، میری والدہ اور بیوی جب تک مجھ سے نہیں پوچھیں گے کہ یہ پیسے کہاں سے آ رہا ہے تو معاشرہ ٹھیک نہیں ہوگا، ہمیں ایسے والدین کو تیار کرنا ہے جو بچوں سے سوالات کریں کہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کا ایک دائرہ کار بنا ہوا ہے کہ وہ کیا کررہا ہے، وہ کرپشن کو پرموٹ کررہا ہے، نیب استعمال ہورہا ہے، جب ادارے استعمال ہوں گے تو کیا ہوگا؟ میری طاقت غلط استعمال ہوگی تو یہ ذہنی پستی ہے، میرے آفیسر مجھے کیوں انکار نہیں کررہے کہ یہ غلط ہے؟ عارضی طور پر طاقت ور بندہ آپ کو استعمال کرسکتا ہے مستقل نہیں، ہمیں اس غلامی کی سوچ سے نکلنا ہوگا تب معاشرہ بہتر ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں