ترکیہ کی حکومت کے ساتھ ڈراموں، دستاویزی فلموں کی پروڈکشن کے معاہدے سٹرٹیجک فریم ورک کا حصہ ہیں، وزیر اطلاعات
اسلام آباد..وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے استنبول میں ترکیہ کے قومی ٹی وی چینل کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران پاکستان ٹیلی وڑن اور ٹی آر ٹی ورلڈ کی مشترکہ نشریات کی تجویز پیش کی ہے۔وفاقی وزیر نے استنبول میں ترکیہ کے قومی ٹی وی کے چینل ’’ٹی آر ٹی ورلڈ‘‘ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور اس کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل براڈ کاسٹ عمر فاروق تنیویردی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، مشترکہ دستاویزی فلموں کی تیاری اور سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات تاریخی اور مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی حکومت کے ساتھ ڈراموں، دستاویزی فلموں کی مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے معاہدے ہمارے اسٹریٹجک فریم ورک کا حصہ ہیں، دونوں ملکوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کا خصوصی تذکرہ کیا جنہوں نے گرمائی اولمپکس میں 92.97 میٹر کا جویلین تھرو کا ریکارڈ قائم کیا اور کہا ارشد ندیم کی ایک بہت ہی متاثر کن کہانی ہے، ہم ایسے نوجوانوں پر دستاویزی فلمیں تیار کر سکتے ہیں۔ملاقات میں پاکستان میں شندور پولو فیسٹیول کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شندور پولو فیسٹیول نہ صرف سیاحت اور ثقافت بلکہ کھیلوں کے فروغ کا بھی باعث ہے، شندور پولو فیسٹیول دنیا کے بلند ترین مقام پر کھیلے جانے والا پولو میچ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی ورلڈ کے ساتھ مل کر شندور پولو فیسٹیول پر دستاویزی فلم پوری دنیا کو دکھائی جا سکتی ہے، ٹی آر ٹی ورلڈ کی نشریات کو پاکستان ٹیلی وڑن پر نشر کیا جا سکتا ہے، مشترکہ نشریات کی تجویز پیش کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ ثقافت اور مذہبی اقدار موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ترکیہ کے ڈرامے اور دستاویزی فلمیں بہت پسند کی جاتی ہیں۔عطا تارڑ نے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر ڈیجیٹل دستاویزی فلم کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔