ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث صحافیوں، وی لاگرز کیخلاف مقدمات درج

ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث صحافیوں، وی لاگرز کیخلاف مقدمات درج

ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی کی کارروائی ،،ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈے میں ملوث ملزم گرفتار
اسلام آباد ۔۔ایف آئی اے نے ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے میں ملوث صحافیوں، وی لاگرز سمیت سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے خلاف مقدمات درج کرلئے، ایک کو راولپنڈی سے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے ایکس پر ریاستی اداروں کیخلاف جھوٹا بیانیہ پھیلانے ، لوگوں کو اکسانے کے الزامات کے تحت صحافی ہرمیت سنگھ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق دیگر صحافیوں اور وی لاگرز کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، صحافی ہرمیت سنگھ کے خلاف ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ صحافی نے اپنے ٹویٹر پروفائل کے ذریعے پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی بیانیہ پھیلایا۔ ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے 24سے 27نومبر 2024کے واقعات پر پروپیگنڈا کئے جانے کا ذکر بھی شامل ہے، ہرمیت سنگھ کیخلاف مقدمہ پیکا ایکٹ 2016کی سیکشن 9، 10، 11اور 24اور 505 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی نے ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث ملزم الیاس اعوان کو چھاپہ مارکر راولپنڈی سے گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ملزم افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن پھیلانے میں ملوث تھا۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد کر لئے گئے۔ حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں