سپیکر کی زیر صدارت حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا آغاز

سپیکر کی زیر صدارت حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا آغاز

اسلام آباد . وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ان کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں جاری ہے، اس سلسلے میں حکومت کے 7 اور پی ٹی آئی کے 3 ارکان اجلاس میں شریک ہیں۔
حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللہ، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، عبدالعلیم خان اور فاروق ستار اجلاس میں شامل ہیں جبکہ چودھری سالک نواز شریک نہ ہوسکے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، علامہ راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا مذاکرات میں موجود ہیں تاہم عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، حامد خان اور سلمان اکرم راجا اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ اچھی توقعات لے کر مذاکرات کیلئے جا رہے ہیں، ہمارے پیش نظر پاکستان کے عوام، پاکستان کی ترقی اور خوش حالی ہے، ٹیبل پر بیٹھیں گے تو دونوں فریقین اپنی باتیں سامنے رکھیں گے، توقع رکھتے ہیں کہ مذاکرات کے اچھے نتائج نکلیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لئے کمیٹی بنائی ہے، ان سے مذاکرات ہوں گے، آج مذاکرات کا پہلا دور ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، حکومت کی نیت کیسی ہے، یہ بھی دیکھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں