دانش سکول امید کی کرن ثابت ہوگا،جعفر خان مندوخیل

دانش سکول امید کی کرن ثابت ہوگا،جعفر خان مندوخیل

دانش سکول امید کی کرن ثابت ہوگا، یہ تعلیمی کامیابی کے روشن مستقبل کیلئے تعاون، عزم اور عوام دوست جذبہ کا ثبوت ہے،گورنربلوچستان۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ڈسٹرکٹ ژوب میں دانش سکول کے قیام کی منظوری ملنا پورے ژوب کے لوگوں کیلئے تعلیمی مواقع اور ترقی کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔

ہفتہ کو جاری کردہ ایک بیان میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دانش سکول امید کی کرن ثابت ہوگا۔

یہ تعلیمی کامیابی کے روشن مستقبل کیلئے تعاون، عزم اور عوام دوست جذبہ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول ژوب کے طلباء کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرے گا، ان کی خوابیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریگا اور انہیں ہمیشہ اس پل پل بدلتی دنیا میں کامیاب و کامران زندگی گزارنے کیلئے ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کریگا۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ ژوب ایک مردم خیز سرزمین ہے، یہ باصلاحیت نوجوانوں اور کھلاڑیوں سے بھرا ہوا ہے جو دنیا پر اپنی شناخت بنانے کیلئے منتظر ہیں تاہم وہ بنیادی سہولیات، جدید ٹریننگ اور ضروری مواقع کی کمی کے باعث اب تک مکمل طور پر سامنے نہیں آسکے۔

میری خواہش اور مسلسل کوشش ہے کہ ہم ژوب جدید تعلیم کا ایک مرکز ثابت کریں تاکہ یہاں کے باصلاحیت نوجوان امکانات اور حقیقت کے درمیان فرق کو ختم کرتے ہوئے ایک بڑی چھلانگ لگا سکیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے تمام دورافتادہ اضلاع ہمیں تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کو ترجیح دے رہے ہیں ۔یہ بات واضح ہے کہ بلوچستان کے لوگ ایک خوشحال اور ہم آہنگ معاشرے کے بنیادی ستون ہیں اور ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جو ہماری اعلیٰ ترین امنگوں کے لائق ہو۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ایک عوامی خادم کی حیثیت سے میں نے پہلے بھی تمام عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کو ترجیح دی ہے اور آئندہ بھی تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کو اولیت دیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں