کوئٹہ(جہان امروز)صوبائی حکومت کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقل ہونیوالے تمام زرعی صارفین کے برقی کنکشنز اور ٹرانسفارمرزاُتارنے کا عمل جاری ہے اوراس سلسلے میں کیسکوکی ٹیمیں زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرز،ایچ ٹی کھمبے اور دیگربرقی آلات ہٹارہے ہیں تاکہ سولرائزیشن کے بعد مذکورہ زرعی کنکشن دوبارہ کیسکونیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکیں۔
اس سلسلے میں شمسی توانائی پر منتقلی کے بعدکیسکوکی ٹیموں نے ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقوںمیںزرعی صارفین کے 197 ایچ ٹی کھمبے اور168 ٹرانسفارمرزجبکہ ضلع پشین میں 290 ایچ ٹی کھمبے اور87ٹرانسفارمرزسمیت دیگر برقی آلات اُتاردئیے ۔اس طرح مجموعی طورپر کیسکوٹیموںنے اب تک ضلع کوئٹہ اورضلع پشین میں زرعی صارفین کے487ایچ ٹی کھمبے اور255ٹرانسفارمرزاور اُن کے ساتھ منسلک دیگر برقی آلات اُتاردئیے ہیں ۔
واضح رہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پرکام جاری ہے اورپہلے مرحلے میں زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اور اُنکے ساتھ منسلک دیگر برقی آلات اُٹھانے کاکام 20دسمبر2024سے شروع کیاگیاہے اورمذکورہ منصوبہ کے پہلے فیز کاکام 24جنوری 2025تک مکمل کرلیاجائے گا۔
لہٰذا وہ تمام زرعی صارفین جن کو حکومت کی جانب سے پہلے مرحلہ کے تحت سولرائزیشن کی مدمیں رقم دئیے جاچکے ہیں وہ شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے بعد اپنے بجلی کے کنکشنز اور دیگر برقی آلات ہٹانے میں کیسکو ٹیموںسے تعاون کریں۔