نئی دہلی/ڈھاکہ.. بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بنگلہ دیش کے بارے میں بظاہر ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ بھارت کے ساتھ کس قسم کے تعلقات چاہتا ہے۔
ان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش اس سلسلے میں فیصلہ کرے گا۔ لیکن بھارت کو بھی طے کرنا ہو گا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ کیسے رشتے رکھنا چاہتا ہے۔
ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عبوری حکومت ایک طرف اپنے ملک میں ہونے والے واقعات کے لیے روزانہ مضحکہ خیز انداز میں بھارت کو مورد الزام ٹھہرائے اور دوسری طرف یہ کہے کہ وہ اچھے رشتے چاہتی ہے تو اس بارے میں اسے کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔بھارتی وزیرِ خارجہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات میں دو مسائل کا ذکر کیا۔
اْن کے مطابق پہلا مسئلہ اقلیتوں پر حملوں کا ہے۔ یہ ہمارے لیے بہت ہی تشویش کی بات ہے۔ یہ یقینی طور پر ہماری سوچ کو متاثر کرتا ہے، اس پر ہم نے بیان دیا ہے۔بنگلہ دیش کے مشیر برائے امورِ خارجہ محمد توحید حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت سے تعلقات کے سلسلے میں یقینی طور پر فیصلہ کرے گا۔
لیکن اسی کے ساتھ بھارت کو بھی یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ کیسے رشتے چاہتا ہے۔ محمد توحید حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش بھارت کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں ایک واضح مو?قف رکھتا ہے۔ وہ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی اچھے تعلقات پر زور دیتا ہے۔
اس معاملے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔محمد توحید حسین نے بھارت میں قیام کے دوران شیخ حسینہ کے بیانات پر تنقید کی اور کہا کہ ان کے بیانات ڈھاکہ اور نئی دہلی کے باہمی رشتوں کے سلسلے میں نقصان دہ ہیں۔