موجودہ حکومت تکلیف نہیں ریلیف دینے آئی ہے،رانا ثنااللہ

موجودہ حکومت تکلیف نہیں ریلیف دینے آئی ہے،رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں نے کہاہے کہ موجودہ حکومت تکلیف نہیں ریلیف دینے آئی ہے، سرکاری ملازمین کو پریشانی سے نکالیں گے اور سب کو ریلیف دیں گے انشاء اللہ بہت جلد آپ کو اچھی خبرملے گی‘ رانا ثنا اللہ خاں سے ملاقات کے ایپکا کی ایگزیکٹو کونسل نے قائدین کی مشاورت سے دھرنے کو موخر کر دیا ‘ اور تعین کیا گیا کہ اگر پھر بھی مطالبات منظور نہ ہوئے تو رمضان شریف کے بعد احتجاج کی دوبارہ کال دی جائے گی.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایپکا ایگزیکٹو کونسل پنجاب چوہدری شفقت رسول سندھو کی قیادت میں ملک لطیف شہزاد مرکزی صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب‘ رانا عابد علی سینئر نائب صدر فیصل آباد ڈویژن‘ ودیگر نے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایپکا کے رہنمائوں نے مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثنا اللہ خاں کو مسائل پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا‘ ملاقات کے دوران رانا ثنا اللہ خاں نے ملازمین کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا اور ان کے فوری حل کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کو سفارشات جاری کر دیں‘چوہدری شفقت رسول سندھو ‘ رانا عابد علی‘ محمد عرفان خان‘ ملک لطیف‘ خالد نبی اور دیگر ممبران نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں کو بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین سخت پریشان ہیں‘ ساری زندگی سرکاری کی نوکری کے بعد جب بڑھاپے کے قریب ہیں تو وفاقی اور پنجاب حکومت نے بہت سے مراعات میں کمی یا ختم کر دیں ہیں‘ جو کہ بڑھاپے میں ہمارے ساتھ سخت ناانصافی اور ظلم ہے‘ خدارا ہماری آواز بنیں اور ہمارے جائز مطالبات حل کروائیں‘ انہوں نے کہا کہ 2024 ء کو ایپکا کی ایگزیکٹوکونسل کے عہدیداروں نے جاتی امراء میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے ہمارے جائز مطالبات کو جائز قرار دے کر انہیں حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی مگر تاحال اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا‘ 21-02-2025 کو ہم نے اسلام آباد میں اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا تھا اور اس دھرنے میں آپ نے ہم سے مطالبات کو منظور کروانے کا وعدہ کیا تھا یہ وعدہ بھی وفا نہیں ہو سکا‘ اب پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں‘ ہمیں یقین ہے کہ آپ پنجاب کے ساڑھے دس لاکھ سرکاری ملازمین کو پریشانی سے نکالیں گے اور ہمیں ریلیف دیں گے‘ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں نے ایپکا کے وفد کے مطالبات کو وفاقی اور پنجاب کی سطح پر حل کروانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت تکلیف نہیں ریلیف دینے آئی ہے انشاء اللہ بہت جلد آپ کو اچھی خبرملے گی‘ ملاقات کے بعد قائدین کی مشاورت سے دھرنے کو موخر کر دیا گیا ‘ اور تعین کیا گیا کہ اگر پھر بھی مطالبات منظور نہ ہوئے تو رمضان شریف کے بعد احتجاج کی دوبارہ کال دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں