ادب اور ثقافت معاشرتی ترقی کے ضامن ہیں، وزیر اعلی بلوچستان کا لطیف ادبی کانفرنس سے خطاب
مٹیاری ،کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ دورے پر سندھ کے ضلع مٹیاری پہنچے جہاں انہوں نے صوفی شاعر اور عظیم روحانی شخصیت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے درگاہ پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ، صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور سیاسی رہنما میر ساجد دشتی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں وزیر اعلی بلوچستان نے سندھ کے وزیر ثقافت کے ہمراہ ایچ ٹی سورلی ہال میں منعقدہ لطیف ادبی کانفرنس میں شرکت کی، جہاں شاہ لطیف بھٹائی کی زندگی، شاعری اور افکار پر لکھی گئی کتب کی رونمائی کی گئی۔ اپنے خطاب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کا پیغام محبت، امن، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی ہے جو آج کے دور کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ادب اور ثقافت کسی بھی معاشرے کی ترقی اور بقا کے ضامن ہیں، اور ایسے ثقافتی و ادبی میلوں سے بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔