کوئٹہ میں حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

کوئٹہ میں حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے لیے سخت سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل

شہریوں سے اپیل چہلم کے دوران سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں

کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم آج بروزجمعہ 15 اگست کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ کوئٹہ میں چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا باہشتے زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے دوران عزاداران ماتم، نوحہ خوانی اور ذاکری کے ذریعے حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کوئٹہ شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ جاری ہے اور پولیس، ایف سی، سپیشل برانچ اور حساس اداروں کے اہلکار تعینات ہوں گے۔ جلوس کی گزرگاہوں پر CCTV کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چیکنگ پوائنٹس نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا فرد پر فوری کارروائی کی جا سکے۔جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ چہلم کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں