کوئٹہ(جہان امروز-نیوز )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے جبکہ کوئٹہ کو دیگر شہروں سے ملانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین سروس بھی بند کر دی گئی ہے
، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر گزشتہ ہفتے چند علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی تھی تاہم اتوار کی صبح دوبارہ بند کر دی گئی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 30 اگست اور 6 ستمبر کو یومِ دفاع اور 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا کیونکہ بلوچستان میں داخلے کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس فراہم نہیں کی گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی ہدایت پر ٹرین کو روکا گیا جبکہ مسافروں کو متبادل طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے بلوچستان روانہ کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک فیصلے کے باعث مسافروں میں سخت پریشانی پھیل گئی، خاص طور پر خواتین، بچے اور بزرگ افراد کو طویل انتظار اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں لاپتہ افراد کے معاملے پر احتجاج کے اعلان کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کے فیصلوں کے بارے میں بروقت اطلاع اور متبادل انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ذہنی و جسمانی اذیت سے بچایا جا سکے۔