محکمہ صحت بلوچستان میں اصلاحات کا عمل تیز: اسپتالوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ یونٹ قائم
کوئٹہ(جہان امروز )صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی سخت ہدایات اور ذاتی نگرانی میں محکمہ صحت بلوچستان میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری اور ادویات کی غیر منصفانہ فراہمی سے متعلق عوامی شکایات کے مستقل ازالے کے لیے ایک جدید انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (IMU) تشکیل دے دیا گیا ہے، جس میں 84 افسران شامل ہیں۔
یہ افسران مختلف اضلاع کے اسپتالوں کا دورہ کر کے اپنی رپورٹس براہِ راست محکمہ صحت کو ارسال کریں گے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر اسپتالوں کی بہتری اور طبی عملے کو ڈیوٹی کا پابند بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایم یو (IMU) کے قیام کا مقصد صحت کے نظام میں مانیٹرنگ کے عمل کو مضبوط کرنا، ڈیٹا کلیکشن اور رپورٹنگ کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
اس اقدام سے طبی مراکز میں عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور طبی آلات کی صورتحال سے متعلق ریئل ٹائم معلومات حاصل ہوں گی، جس سے غریب مریضوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے گا۔
